شاعری

pictureملت کا پاسبان ہے محمد علی جناح

منظوم نظموں کا مجموعہ

مرتب : خورشید ربانی
ناشر : اکادمی ادبیات پاکستان
قیمت: 250 روپے
تشکیل ای بک: نوید فخر

احمد ندیم قاسمی

طلسمِ قیادت

رات تھی
اورصدیوں کی حیران تاریخ ایک ایک پل گن رہی تھی
وہ حیرا ن تھی
یہ جو بکھرے ہوئے... متحد ہو کے چلنے لگے ہیں
توان میں رفاقت کے انفاس کس کے طلسمِ قیادت نے پھونکے ہیں
٭٭٭
یہ لوگ جن کا خدا ایک ہے
اور رسول ایک ہے
اور کتاب ایک ہے
اس قدر منتشر تھے
کہ پت جڑ میں جیسے اُڑیں خشک ، ویران گمراہ پتے
کسی کو کسی کی خبر ہی نہ ہو
اور گزرتی ہواو¿ں کے دامن سے لپٹا ہوا
کوئی مشرق کو اور کوئی مغرب کو بھاگے
٭٭٭
مگر اب یہی لوگ ہیں جوگھنے اور چھتنار بن کر کھڑے ہیں
ہوا لاکھ اپنی توانائیوں کے تماشے دکھائے
کسی ایک ٹہنی سے بھی ایک پتا بھی گرنے نہ پائے
یہ کس کا طلسمِ قیادت ہے، تاریخ حیراں کھڑی سوچتی تھی
کہ ناگاہ تاریخ ہی کے لبوں سے اک آواز پیدا ہوئی
جس میں تحریکِ آزادی و حریت کی صدی بولتی تھی
یہ آواز صرف ایک آواز ہوتی
تو تاریخ کے زرد چہرہ پہ گلزار کیوں لہلہاتے
گزرتے ہوئے وقت کے پل
یہ آواز سننے کی خاطر
خلاو¿ں میں تھم تھم نہ جاتے
یہ آوازتکمیل تھی اس حقیقت کی
جس کی صداقت کا شاہد ہے سارا زمانہ
یہ آواز تکمیل تھی ان عزائم کی
جن کے جلال اور جبروت کے سامنے دم بخود تھا
سبب اور نتیجے کا یہ کارخانہ
یہ آواز جو سندھ کے مرغ زاروں سے اُٹھی تھی
صدیوں کے بعد اپنی ہی گونج سننے لگی تھی
٭٭٭
یہ وہ ملک ہے جس میں اسلام کے نام لیوا
جبینوں میں سجدوں کی شمعیں جلاتے
دلوں میں یقینوں کے پرچم اُڑاتے
بڑھیں گے تو اس خاک کوپاک کرتے ہوئے
اور حساب اپنی صدیوں کی غفلت کا بیباک کرتے ہوئے
اپنی تہذیب کے خال وخد کواُجاگر کریں گے
محبت کریں گے ، رفاقت کریں گے
روایاتِ عدل ومساوات تازہ کریں گے
پھر ان کی حفاظت کریں گے
وہ آسودگی... سب کی آسودگی کی قسم کھائیں گے
اور اس سر زمیں کو
سدا کے لیے
خیر و برکت کا مرکز بنا جائیں گے
٭٭٭
یہ پیغام اس قوم کے قائدؒ محترم نے سنایا
تو تاریک شب کا کلیجہ کٹا
اور خورشیدِ انسانیت جگمگایا
شعاعوں نے ظلمات میں اپنا رستہ بنایا
معاً چاند تارے کا پرچم افق تا افق پھڑ پھڑایا
صدی... ایک پوری صدی کی جو تحریک تھی
قائدؒ محترم کے عزائم میں تکمیل پا کر
ہزاروں شہیدوں کے چہروں کے انوار میں یوں نہائی
کہ صرف اس زمیں سے نہیں۔۔۔ آسمانوں سے بھی
مرحبا اور تحسین کی ایک بھر پور آواز آئی

صفحات : 1 | 2 | 3 | 4 | 5 | 6 | 7 | 8 | 9 | 10 | 11 | 12 | 13 | 14 | 15 | 16 | 17 | 18 | 19 | 20 | 21 |
| 22 | 23 | 24 | 25 | انڈیکس |

تازہ ترین

کیا آپ صاحب کتاب ہیں؟

کیا آپ چاہتے ہیں کہ آپ کی تصنیف دنیا بھر میں لاکھوں شائقین تک پہنچے ؟ تو کتاب ”ان پیچ“ فارمیٹ میں اور سرورق سکین کر کے ہمیں ای میل یا ارسال کریں، ہم آپ کے خواب کو شرمندہ تعبیر کریں گے۔

مزید معلومات کے لئے یہاں کلک کریں