شاعری

pictureملت کا پاسبان ہے محمد علی جناح

منظوم نظموں کا مجموعہ

مرتب : خورشید ربانی
ناشر : اکادمی ادبیات پاکستان
قیمت: 250 روپے
تشکیل ای بک: نوید فخر

اکبر کاظمی

جاوداں نام قائداعظمؒ

منزل زیست کا دماغ لیے
اک نئے عہد کا سراغ لیے
عزم و ایقان کے چراغ لیے
پستیوں کو بلندیاں دیتا
بے کسوں کو تسلیاں دیتا
حق کا انعام قائداعظمؒ
جاوداں نام قائداعظمؒ

گھر سے نکلا اندھیری راتوں میں
حق کا پرچم اٹھائے ہاتوں میں
زلزلہ آیا سومناتوں میں
وہ کہ پیغامِ آدمیت تھا
ظالموں کے لیے قیامت تھا
حق کا انعام قائداعظمؒ
جاوداں نام قائداعظمؒ

دسترس تھی اسے سیاست پر
اس نے احساں کیے قیادت پر
پختہ ایماں بھی تھا مشیت پر
کیا تھا انداز جینے والے کا
تھا سپاہی مدینے والے کا
حق کا انعام قائداعظمؒ
جاوداں نام قائداعظمؒ

قوم کے غم میں بے قرار تھا وہ
دیکھنے میں نحیف و زار تھا وہ
غور کیجئے تو کوہسار تھا وہ
حق کا داعی تھا راست باز بھی تھا
مردِ مومن تھا شاہ باز بھی تھا
حق کا انعام قائداعظمؒ
جاوداں نام قائداعظمؒ
تذکرے تھے وفا کے ماروں میں
جان آنے لگی بچاروں میں
ہوئیں سرگوشیاں ستاروں میں
یہ زمینوں پہ کون گھومتا ہے
جس کے قدموں کو وقت چومتا ہے
حق کا انعام قائداعظمؒ
جاوداں نام قائداعظمؒ

وہ تھا بیشک فہیم اور عظیم
دشمنوں نے اسے کیا تسلیم
اس کا ایمان تھا کہ ضربِ کلیم
بے سہارا و بے دغا جیتا
اک جہاں سے مقابلہ جیتا
حق کا انعام قائداعظمؒ
جاوداں نام قائداعظمؒ

قہر اور جبر کے بسیروں میں
کھلبلی مچ گئی اندھیروں میں
روشنی آ گئی سویروں میں
رنگ اس کے حسیں خیالوں کا
رقص دکھلا گیا اجالوں کا
حق کا انعام قائداعظمؒ
جاوداں نام قائداعظمؒ

وہ کہ ہم سب کا ترجماں ٹھہرا
حسنِ اندازِ آسماں ٹھہرا
نام یوں اس کا جاوداں ٹھہرا
دینِ اسلام کا شناور تھا
وہ مساوات کا پیمبر تھا
حق کا انعام قائداعظمؒ
جاوداں نام قائداعظمؒ

روشنی کیوں نہ دے بساط جہاں
اس نے بخشا اسے نیا عنواں
یعنی یہ سر زمینِ پاکستاں
اس کے احساس کی کہانی ہے
اس کا انداز جاودانی ہے

صفحات : 1 | 2 | 3 | 4 | 5 | 6 | 7 | 8 | 9 | 10 | 11 | 12 | 13 | 14 | 15 | 16 | 17 | 18 | 19 | 20 | 21 |
| 22 | 23 | 24 | 25 | انڈیکس |

تازہ ترین

کیا آپ صاحب کتاب ہیں؟

کیا آپ چاہتے ہیں کہ آپ کی تصنیف دنیا بھر میں لاکھوں شائقین تک پہنچے ؟ تو کتاب ”ان پیچ“ فارمیٹ میں اور سرورق سکین کر کے ہمیں ای میل یا ارسال کریں، ہم آپ کے خواب کو شرمندہ تعبیر کریں گے۔

مزید معلومات کے لئے یہاں کلک کریں